علاقائی اور بین الاقوامی خبریں
شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں اسرائیلی فورسز اور حماس کے جنگجوؤں کے درمیان لڑائی ہوئی جبکہ جنوب میں عسکریت پسندوں نے رفح میں ٹینکوں پر حملے کیے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جبالیہ کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بلڈوزر ان کے علاقے میں مکانات اور دکانوں کو مسمار کر رہے ہیں۔ غزہ کے آٹھ تاریخی پناہ گزین کیمپوں میں سے جبالیہ میں سب سے بڑا کیمپ ہے۔ جبالیہ کی رہائشی ایمن رجب نے ایک چیٹ ایپ کے ذریعے بتایا کہ ’ٹینک اور جنگی طیارے رہائشی علاقوں، بازاروں، دکانوں، ریستورانوں کو تباہ کر رہے ہیں۔‘