علاقائی اور بین الاقوامی خبریں
انڈیا کے آتشِ خو سیاستدان اروند کیجریوال نے عام انتخابات کے دوران حیران کن طور پر ضمانت ملنے کے بعد انتخابی مہم شروع کر دی ہے جس نے اپوزیشن کی صفوں کو تقویت بخشی ہے، کیونکہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کو للکار رہے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے 55 سالہ کیجریوال، جو نئی دہلی کے وزیراعلیٰ بھی ہیں، کو 10 مئی کو مبینہ کرپشن کے کیس میں ضمانت ملی، تو انہوں نے انتخابی مہم پر جانے میں کوئی وقت ضائع نہیں کیا۔ انہوں نے دہلی کی تہاڑ جیل سے نکلنے کے بعد ایک پرمسرت ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے واضح طور پر نریندر مودی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میری آپ سے صرف یہ درخواست ہے، ملک کو آمریت سے بچانے کے لیے ہم سب کو اکٹھا ہونا ہو گا۔ میں اس آمریت سے پوری قوت سے لڑ رہا ہوں۔‘